374

عبدالقدوس بزنجو نئے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

کوئٹہ: مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے میر عبدالقدوس بزنجو نئے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

 اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ق لیگ کے عبدالقدوس بزنجو کو 16 واں قائد ایوان منتخب کرلیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے حمایت یافتہ عبدالقدوس بزنجو کو 41 ووٹ ملے جب کہ آغا سید لیاقت علی کو صرف 13 ووٹ ملے، 11 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ 65 رکنی ایوان میں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے 33 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیا۔ بعد ازاں 14 رکنی نئی صوبائی کابینہ نے بھی حلف اٹھایا۔ حلف اٹھانے والوں میں سرفرازبگٹی، سرفرازڈومکی، نواب جنگیزمری، عبدالماجدابڑو، عاصم کرد، منظورکاکڑ،سید محمد رضا، پرنس احمدعلی،  اکبر آسکانی، دستگیر بادینی، طاہرمحمود، عامر رند، جعفرمندوخیل اور راحت جمالی شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جن میں ق لیگ کے میر عبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوا میپ کے دو امیدوار عبدالرحیم زیارتوال اور آغا سید لیاقت علی شامل تھے۔ تاہم انتخاب سے قبل رحیم زیارتوال اپنی پارٹی کے امیدوار آغا سید لیاقت کے حق میں دستبردار ہوگئے جس کے نتیجے میں دو امیدواروں میں وزارت اعلیٰ کے منصب کے لیے مقابلہ ہوا۔ میر عبدالقدوس بزنجو کو اپوزیشن اتحاد کی حمایت حاصل تھی جس میں جمعیت علمائے اسلام ، بلوچستان نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) شامل ہیں۔

اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گیے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی، جب کہ اسمبلی جانے والے راستے بھی بند کردیے گئے ۔ بدھ کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے فوراً بعد اسمبلی کے باہر خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں متعدد سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسی حوالے سے اسمبلی کے گرد سیکیورٹی ہائی الرٹ رہا۔