319

خواجہ سراؤں کیلئے بھی صحت انصاف کارڈ کااجراء

پشاور۔خیبر پختونخواحکومت نے خواجہ سراوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کردیاجسکے ذریعہ ہر خواجہ سراء سالانہ پانچ لاکھ چالیس ہزار تک صحت سے متعلقہ خدمات مفت حاصل کرسکے گااس حوالے سے پشاور پریس کلب میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پرخیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ایوب روزمہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں160سوشل ویلفیر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عابد کا کا خیل اورڈپٹی ڈائریکٹر لیاقت علی،صحت سہولت کارڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی ،بلیووینزکے کوآرڈنیٹرقمرنسیم،خواجہ سراؤں کے صوبائی اتحا د ٹرانس ایکشن کی صوبائی صدر فرزانہ جان ،جنرل سیکرٹری آرزوخان اوردیگرنے بھی شرکت کی۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ایوب روز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی اکثریتی آبادی بشمول خواجہ سراء کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات مختلف سکیموں میں فراہم کر رہے ہیں اور خواجہ سراؤں کی اس سکیم میں شمولیت سے ہماری صحت کے بارے میں ترجیہات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میں صحت سہولت کارڈ خیبر پختونخواکی 69فیصدآبادی کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہاہے سکیم کے تحت 1.8بلین روپے صحت عامہ کی مفت سہولیا ت فراہم کرنے کیلیے خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ 70,000سے زیادہ داخلے اورآپریشن کی سہولیا ت بھی فراہم کی جاچکی ہیں۔سوشل ویلفیر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عابد کا کا خیل نے کہا کہ خبیرپختونخوا حکومت نہ صرف خواجہ سراؤں کے لیے مفت علاج کی سہولت فراہم کررہی ہے بلکہ معاشرے میں ان کے مقام کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی پالیسی بھی زیر تجویز ہے اور اس حوالے سے اعلی پیمانے پر سرکاری کمیٹی بھی بنادی گئی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی صحت سہولت کارڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے خواجہ سراؤں کے لیے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کی سمری کی منظوری دیا جانا ایک انقلابی اقدام اور ایسے کسی پروگرام کا دیگر کسی صوبے میں کو ئی وجود نہیں۔

خواجہ سراء سرکاری اور منتحب پرائیوٹ ہسپتالوں سے صحت کی مفت سہولیا ت بلاکسی امتیاز حاصل کرسکیں گے اور اس کے ساتھ ہی اس کارڈ سے سٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے دی گئی سہولیات بھی حاصل ہو پائیں گی قمرنسیم نے اس موقع پر کہا کہ خواجہ سراؤں کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں اور پورے ملک میں اس جیسی کو ئی مثال نہیں ملتی یہ سب کی مشترکہ جیت ہے۔ فرزانہ جان نے کہا کہ ہم حکومت خیبر پختونخوا کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہونیں نے ہمیں برابر کے شہری سمجھنے کی جانب پہلا قدم اٹھایاتقریب کے آخرمیں ضلع پشاور سے تعلق رکھنے والے خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیے گئے صحت انصاف کارڈ کے ذریعہ ہر خواجہ سراء سالانہ پانچ لاکھ چالیس ہزار تک صحت سے متعلقہ خدمات مفت حاصل کرسکے گا ،یہ خدمات نہ صرف سرکاری بلکہ غیر سرکاری ہسپتالوں میں بھی حاصل کی جاسکیں گی۔