275

بی آر ٹی سے متصل سڑکوں کی کارپٹنگ جلد مکمل کرنیکی ہدایت

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اوراس کے اتحادی زیر تعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو ناکام بنانے اوراس منصوبے کی تکمیل کی راہ میں روڑے اٹکانے کے لئے منظم مہم چلارہے ہیں اوراس سلسلے میں میاں محمد نواز شریف کے قریبی عزیز کے ذریعے مسلم لیگ(ن) کی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایک اہم شخصیت کو ٹاسک دیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے مختلف سیکشنوں کے اچانک معائنے کے موقع پر کیا وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے جی ٹی روڈ، صدر روڈ ،تہکال اوریونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے عام عوام سے بی آر ٹی کی تعمیر کی وجہ سے انہیں درپیش ٹریفک مسائل کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔ معاون خصوصی نے ٹریفک پولیس کوباربار ہدایت کے باوجود بی آر ٹی منصوبے سے متصل سڑکوں اوررنگ روڈ سمیت دیگر متبادل روٹس پر ٹریفک کی روانی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس خیبرپختونخوا کو بی آرٹی منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی اورعوام کو ٹریفک جام سے بچنے کے لئے مزید عملے کی تعیناتی اورہمہ وقت حاضری کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو فوری مراسلہ بجھوانے کی ہدیت کی۔

انہوں نے پی ڈی اے کے حکام کو بی آر ٹی سے متصل تمام سڑکوں کی کارپٹنگ کاعمل فوری طورپر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ملک شاہ محمد نے بی آر ٹی کنٹریکٹر کو بھی منصوبے پرکام کوتیزکرنے اورحفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی