295

خیبر پختونخوا کے ڈویژنل کوارٹرز میں برن سنٹر کے قیام کی تجویز

پشاور۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں برن سنٹر کے قیام کے مجوزہ منصوبوں کو رواں سال کی اے ڈی پی میں شامل کرنے کی سفارش کر دی ہے 12سے 15بستروں پر مشتمل ہر برن سنٹر پر 20سے 30کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں طبی آلات بھی موجود ہیں اس وقت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورمیں واحد برن اینڈ ٹراما سنٹر موجود ہے۔

جبکہ بنوں ٗ کوہاٹ ٗ سوات ٗ مردان ٗ ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ہسپتالوں کے بعض حصوں کو برن سنٹرز کیلئے مختص کیا گیا ہے تاہم یہ سنٹرز جھلسے ہوئے افراد کو علاج معالجے کی مکمل ضروریات پوری نہیں کرتے ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت نے مذکورہ صورتحال پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں ان سے برن سنٹرز کے قیام کے مجوزہ منصوبوں کو اے ڈی پی 2017-18ء میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔