682

افغان مہاجرین ڈیڈ لائن ٗ اثاثوں کی فروخت شروع

پشاور۔افغان مہاجرین کو واپسی کے لئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن کے باعث اثاثوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے رجسٹرڈ اور غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لئے انتظامات مزید تیز کردیئے گئے ہیں ۔

وفاقی کابینہ کے گزشتہ ہفتے ہونیوالے اجلاس میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے سخت موقف اختیار کیا گیاہے افغان مہاجرین کی مدت گزشتہ سال اکتیس دسمبرکو ختم ہو چکی ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن بھی جاری ہے اور اب تک سات لاکھ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے جبکہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی موسم سرما کے باعث تین مہینوں کے لئے بند ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ افغان مہاجرین نے اس معاملے میں وفاقی حکومت سے مزید توسیع کا مطالبہ بھی کیا ہے تاہم ممکنہ طور پر توسیع نہ ہونے کے باعث پشاور بھر میں افغان مہاجرین نے وطن واپسی کے لئے اقدامات اٹھانا شروع کردیئے ہیں افغان مہاجرین نے اپنے اثاثوں کی فروخت کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو سکولوں سے نکالنے کے لئے بھی درخواستیں دیدی ہیں ملک میں رجسٹرڈ دس لاکھ سے زائد اور غیررجسٹرڈ آٹھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں۔