281

پاکستان کے پہلے ’سائیکل ٹریک ‘منصوبے کا پشاور میں آغاز

پشاور۔صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کا پہلا اور اپنی نوعیت کا منفرد ’’سائیکل ٹریک ‘‘چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک بنے گا ٗ منصوبے پر کا م کا آغاز کر دیا گیا ہے ٗ ٹریک جی ٹی روڈ اور جمرود روڈ پر معمول کی ٹریفک کیلئے موجود شاہراہوں کی ایک سائیڈ پر تعمیر ہوگا۔

سائیڈوں پر بیرئیر لگائے جائیں گے ٗ ٹریک پر موٹر سائیکل اوردیگر ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا ٗ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے ساتھ معمول کی ٹریفک کیلئے چمکنی سے ملک سعد فلائی اوور تک جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے تین ٗ تین رویہ بنایا جائیگا ٗ امن چوک سے کارخانو مارکیٹ تک بھی جمرود روڈ دونوں اطراف سے تین ٗ تین رویہ ہوگا ٗ اہم و مصروف شاہراہوں پر فٹ پاتھ بھی تعمیر ہونگے نشتر آباد اور گلبہار ٹرن اوور موجود رہیں گے جبکہ ارباب سکندر خان فلائی اوور کے ساتھ بی آر ٹی کیلئے نیا فلائی اوور تعمیر ہوگا 26کلو میٹر پر محیط بی آر ٹی منصوبے میں 7انڈر پاسز تعمیر ہونگے ان انڈر پاسز کے اوپر معمول کی ٹریفک کیلئے یوٹرن قائم ہونگے ۔

چمکنی سے فردوس سینما تک تین انڈر پاسز بنیں گے جبکہ دیگر 5ملک سعد فلائی اوور سے کارخانو مارکیٹ تک قائم کئے جائیں گے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے ) میں بس ریپڈ ٹرانزٹ کے فوکل پرسن اکرام اللہ خان نے ’’آج ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ٹی منصوبے میں پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ منصوبہ ایک چینی کمپنی کے ساتھ تین مختلف کمپنیوں کا جائنٹ ایڈونچر ہے منصوبے کا پہلا پیکج چمکنی سے فردوس سینما ٗ دوسرا پیکج ملک سعد فلائی اوور سے امن چوک اور تیسرا پیکج امن چوک سے کارخانو مارکیٹ تک ہے پہلے پیکج میں 40فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے ۔
دوسرا پیکج چونکہ زیادہ تر فلائی اوورز پر مشتمل ہے جس کیلئے 100پلر تعمیر ہونگے روزانہ 30پلر ز کی کھدائی ہو رہی ہے اور اب تک 250پلرز کی کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ تیسرے پیکج میں بھی 20سے 25فیصد تک کام مکمل ہوا ہے انہوں نے کہا کہ منصوبے پر عملی کام کے آغازکو ابھی ڈیڑھ ماہ ہوا ہے اور کام کی رفتار انتہائی تیز ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی فیز تھری چوک اور فیز فائیو سے ہوتے ہوئے کارخانوتک کا منصوبہ ہے تینوں فیزوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

مجموعی طور پر 32بس سٹاپ قائم ہونگے اور ہر بس سٹاپ کا ایک دوسرے سے فاصلہ 700میٹر ہوگا یعنی ہر بس سٹاپ ایک کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر قائم ہوگا انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کے ساتھ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک شامل تمام شاہراہو ں کی تعمیر بھی ہوگی جنہیں عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائیگا ۔