پشاور ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں سیکرٹری ہاؤسنگ کپیٹن (ر)سید وقار الحسن ،ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ سیف الرحمان،ڈپٹی سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ محمد رفیق خان مہمند،سیکرٹری لاء اصغر علی،ڈپٹی سیکرٹری فنانس محمد شیراز سمیت پی ایچ اے کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سستے مکانات کی فراہمی کیلئے زمونگ خپل کور سکیم کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
جن سے سرکاری ملازمین ،پنشنرز اور عوام الناس مستفید ہونگے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں جب سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ کے قریب ہوتا تو سب سے پہلے وہ اپنے لئے نئے گھر کی تعمیر کے لئے فکر مند رہتا لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے ایک ایسا لائحہ عمل تیار کیا ہے جس سے سرکاری ملازمین اس فکر سے آزاد ہونگے اور اقساط کی شکل میں اپنا گھر تعمیر کرئینگے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن(ر)سید وقار الحسن نے اجلاس کو اس سکیم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سکیم سے 18لاکھ تک بنک ہوم فنانس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس سکیم کے تحت سرکاری ملازم 20سال کی آسان اقساط میں رقم واپس کرے گا اور یہ اقساط اس کی ماہانہ تنخواہ سے کاٹی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی اور اس کے حصولی کے لئے ڈاؤن پے منٹ 1لاکھ 50ہزار سے ہوگی اور بقیہ بنک ہوم فنانس کے ذریعے وصول کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پلاٹ 5مرلہ پر مشتمل ہوگا اور ایک بار پلاٹ ملنے پر وہ دوبارہ اس سکیم کے لئے اہل نہیں ہوگا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ان پلاٹس پر تعمیر قرعہ اندازی کے بعد ایک سال کے اندر ہوگی اور یہ پلاٹ 2بیڈ روم،ڈرائنگ روم،کچن،برآمدہ،واش رومزاور باؤنڈری وال پر مشتمل ہوگا۔