169

ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کا ٹکٹوں کی تقسیم پر اتفاق

پشاور۔متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے مرکزی اور صوبوں کی سطح پر تنظیم سازی کے بعد اضلاع میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولہ طے کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اتحاد میں شامل پانچوں جماعتوں نے اختلافی بیانات نہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ایم ایم اے کا اجلاس گزشتہ روز پشاورمیں جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی میں منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا خیر البشرامیر جے یو آئی (ف)ضلع پشاورنے کی اجلاس کی میزبانی جماعت اسلامی ضلع پشاور نے کی ضلع کی سطح پر دینی جماعتوں کے اتحاد کے پہلے اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صا بر حسین اعوان ٗ ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن ٗ جمعیت اتحاد العلما ء خیبر پختونخوا کے صدر و سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی ٗ نائب امرا ء و سابق صوبائی وزرا ء حافظ حشمت خان ٗ کاشف اعظم چشتی ٗ جمعیت العلما ء اسلام (ف) کے ضلعی امیر مولانا خیر البشر ٗ جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی ٗ حاجی محمد ابراھیم ٗ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ضلعی امیر ڈاکٹر ذاکر اللہ شاہ ٗ جمعیت علما ء پاکستان کے ضلعی امیر عقل وزیر ٗ اسلامی تحریک کے ضلعی امیر مجاہد علی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کو فعال بنا نے کے لئے اہم فیصلے کیے گئے مرکزی و صوبائی تنظیم بننے کے بعد ضلعی سطح پر نظم قائم کرنے اور ٹکٹوں کی تقسیم خوش اسلو بی سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس سلسلہ میں تمام جماعتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی گئی اجلاس میں 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مشترکہ جلوس جمعیت علما ء اسلام (ف)کے صوبائی ہیڈ کوارٹر رنگ روڈ سے نکالا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ذمہ داران نے کہا کہ تمام جماعتیں متحدہ مجلس عمل کو فعال بنانے میں آج کے بعد اپنا نیا کردار ادا کریں گی اور حتی الامکان اختلافی بیانات سے اجتناب کریں گی ۔