158

پاکستان کو فوری طور پر نیٹو سپلائی بند کر دینی چاہئے ٗ سراج الحق

لاہور۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ دن بدن سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات پرگردو غبار کے بادل گہرے ہورہے ہیں اور ایک بے یقینی کی کیفیت پیدا کی جارہی ہے جو قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہے ،احتساب کے لیے سپریم کورٹ اور نیب کچھوے کی چال چل رہے ہیں جبکہ قوم خرگوش کی چال سے احتساب چاہتی ہے،جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کے جن 436 کرداروں کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے ۔

ان کو جلد از جلد احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے اور عدلیہ احتساب کے عمل کو جلد مکمل کرے ، امریکہ پاکستان کی زمینی و فضائی حدود بھی استعمال کر رہاہے اور پاکستان کو آنکھیں بھی دکھا رہاہے ، امریکہ کو اس کی اوقات میں لانے کے لیے فوری طور پر نیٹو سپلائی بند اور زمینی و فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ اتحاد کا فائدہ صرف امریکہ کو ہواہے ، پاکستان کو اس اتحاد کا سراسر نقصان اٹھانا پڑا ۔ ہم اپنے جوانوں کے لاشے اٹھاتے رہے اور امریکہ ہم پر الزام لگاتا رہا ۔ جماعت اسلامی نے پندرہ سال پہلے جو موقف اپنایا تھا ، وہ آج پوری قوم تسلیم کر چکی ہے ۔ امریکی ڈرون حملوں میں 95 فیصد معصوم پاکستانیوں کا قتل عام کیا گیا۔ ہمارے ستر ہزار سے زائد لوگ مارے گئے اور ایک سو تیس ارب ڈالر سے زائد معاشی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ قوم کو لاشوں کے تحفے دینے والے اب ادھر ادھر جھانک رہے ہیں اور ان کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا حالانکہ امریکی تاریخ جھوٹ اور مکر و فریب سے بھر ی پڑی ہے ۔ امریکہ نے اپنے غلاموں کے ساتھ ہمیشہ یہی سلوک کیاہے ۔