246

بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کیلئے حل ہوچکا، وزیراعظم

سیالکوٹ ۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں 200 ارب روپے کے مواصلاتی منصوبوں پر کام چل رہا ہے ملک میں لوڈشیڈنگ اور گیس بحران ختم کئے اور 10 ہزار سے زائد میگاپراجیکٹ شروع کئے جس سے ملک میں اگلے پندرہ سال تک بجلی میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا ۔ حواریوں نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی لیکن ہم نے پرواہ کئے بغیر نواز شریف کے ترقی کے وژن کو جاری رکھا جو سابقہ حکومتیں 15، 15 سال سوچتی تھیں وہ مسلم لیگ(ن) نے کر کے دکھایا ہے ۔

پیر کے روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سیالکوت ایئرپورٹ پر پہنچے تو وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا جہاں پر شاہد خاقان عباسی کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد عباسی بھی ہمراہ تھے ۔ وزیر اعظم نے سیالکوٹ ہوائی اڈے کے بین الاقوامی ٹرمینل کا افتتاح کر دیا اور وہاں پر ملازمین کے مسائل سننے کے بعد حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کو سیالکوٹ سے لاہور موٹر وے کی تعمیر پر چیئرمین این ایچ اے نے بریفنگ دی بعدازاں وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں یہ پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے جو کہ کامیاب ہوا اور جس کی مثال دنیا بھر مین نہیں ملتی ہے یہ منصوبہ ایک بہت بڑا سنگ میل ہے اس کے علاوہ فیصل آباد میں بھی نجی شعبہ اپنے تعاون سے اس طرز کا منصوبہ لگانے کی خواہش رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ این ایچ اے نے بریفنگ دی ہے اور خوشی ہوئی کہ سیالکوٹ اور گرد و نواح میں 200 ارب روپے کی مواصلاتی مصوبوں پر کام ہو رہا ہے جس سے علاقے میں مزید ترقی ہو گی اور نواز شریف سمیت مسلم لیگ(ن) کی محنت اور وژن کا نتیجہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی مین حکومتیں 15 ،15 سال تک منصوبوں پر کام کرنے کے لئے سوچتی تھیں لیکن مسلم لیگ(ن) نے منصوبوں کا آغاز بھی کیا اور اب ان منصوبوں کو مکمل بھی کر رہی ہے ۔

نندی پور پاور پراجیکٹ جو بند پڑا تھا اس کو ہم نے شروع کیا اور آج وہ نندی پور پراجیکٹ 425 میگاواٹ دے رہا ہے حالانکہ اس پراجیکٹ میں کرپشن کا انبار تھا لیکن ہم نے 10 ہزار سے زائد میگا پراجیکٹ شروع کر کے مکمل کئے ۔ بجلی کا مسئلہ حل کیا ۔اگلے 15 سال تک ملک میں بجلی کا مسئلہ نہیں ہو گا اور امید ہے کہ بہت جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو گی جس سے ملکی انڈسٹری ترقی کرے گی ۔

صنعت و زراعت میں اضافہ ہو گا وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں گیس بحران سر اٹھائے کھڑا تھا اور گھروں میں چولہے نہیں جل رہے تھے لیکن آج ہر گھر میں گیس دی جا رہی ہے یہ ترقی کا ایجنڈا نواز شریف کا وژن ہے حالانکہ انتشار پھیلانے والوں نے بہت سی کوششیں کیں لیکن ہم نے پرواہ کئے بغیر کامیابی کی طرف گامزن رہے اور قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ مستقبل میں بھی قومی فلاح و بہبود کے منصوبے ایسے جاری رکھیں گے ۔