196

پشاور ہائیکورٹ کا صوفی محمد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

پشاور: ہائی کورٹ نے کالعدم نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ صوفی محمد کی مختلف مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

  پشاور ہائی کورٹ میں کالعدم تحریک نفاذ  شریعت محمدی کے سربراہ صوفی محمد کے خلاف متنازعہ تقاریر اور پولیس پر حملوں  کے خلاف مقدمات میں دائردرخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ کے سنگل بنچ جسٹس وقاراحمد سیٹھ نے سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سننے کے بعد 7 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔

مولانا صوفی محمد پر تھانہ کبل اور تھانہ سیدو شریف میں دو مقدمات درج ہیں۔ 30 جولائی 2009 کو مولاناصوفی محمد پرایف آئی درج ہوئی تھی جب کہ مولاناصوفی محمد کو 4 مارچ 2010 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک نفاذ  شریعت محمدی کے سربراہ صوفی محمد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کے سسر بھی ہیں۔