179

کور کمانڈرز کانفرنس ٗسرحد پر سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

راولپنڈی ۔عسکری قیادت نے ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ خطے بالخصوص افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ کور کمانڈرز کانفرنس کے دور ان آپریشن رد الفساد پر پیشرفت اور پاک افغان سرحد پر سکیورٹی بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات اور خوشحال بلوچستان پروگرام کا جائزہ لیا گیا ٗآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے غیر ملکی دوروں کے ذریعے عسکری سفارتکاری اور پاکستان آنے والی غیر ملکی شخصیات سے ملاقاتوں کے حوالے سے کورکمانڈرز کو اعتماد میں لیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 206ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی ۔آرمی چیف نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے غیر ملکی دوروں کے ذریعے کی جانے والی عسکری سفارتکاری اور پاکستان کا دورہ کر نے والی غیر ملکی شخصیات سے ہونے والے رابطوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا ۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کے علاوہ علاقائی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

اجلاس کے شرکاء نے ملک کے اندرونی امن کیساتھ ساتھ خطے اور افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔عسکری قیادت نے آپریشن رد الفساد پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جبکہ پاک افغان سرحد پر سکیورٹی بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات پربھی تبادلہ خیال کیا ۔کور کمانڈرز نے حال ہی میں شروع کئے گئے خوشحال بلوچستان پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا اس پروگرام کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی اور سکیورٹی اقدامات کے ذریعے بلوچستان کی صورتحال کو مستحکم کرنا ہے ۔