201

خیبرپختونخوامیں پیدا ہونے والی 56میگا واٹ بجلی کے نیشنل گرڈمیں شامل کیے جانے کے امکانات

پشاور۔خیبرپختونخوامیں پیدا ہونے والی 56میگا واٹ بجلی کے نیشنل گرڈمیں شامل کیے جانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں صوبائی حکومت نے صوبے میں 56میگاواٹ کے تین پاورپراجیکٹ سے پید اہونے والی سستی ترین پن بجلی کی نیشنل گرڈ میں عدم دستیابی پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے وفاق کی جانب سے صوبے کے ساتھ ناانصافی قراردیا ہے اورمذکورہ مسئلے کے حل کے لئے اعلیٰ سطحی فورم پرمعاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے ربطہ کی صورت میں بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق مختلف پراجیکٹس سے مجموعی طورپر 56میگاواٹ بجلی کی پیداوارشروع ہوچکی ہے مگرپیسکو کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدے نہ ہونے اورنیشنل گرڈ سے منسلک نہ کرنے کے مسائل درپیش ہیں جس کے حل کے لئے جلد اعلیٰ سطحی فورم پر معاملہ اٹھایا جائے گاتاکہ ملک میں بجلی کی کمی پوری ہونے کے ساتھ ساتھ صوبہ کی آمدن میں اضافہ بھی ہوسکے اس سلسلہ میں رابطہ پر وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایاکہ صوبائی حکومت ویسے ہی شور مچار ہی ہے ابھی تک پیسکو کے ساتھ اس حوالہ سے کوئی رابطہ نہیں کیاگیا ہے صوبائی حکومت اگر رابطہ کرے تو صوبہ میں پیداہونے کی یہ بجلی فوری طور پر نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔