141

سانحہ ماڈل ٹاؤن‘وزیر اعلیٰ اور وزیر قانون کو مستعفی ہونے کیلئے دی جانیوالی ڈیڈ لائن ختم 

لاہور۔سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک کی اے پی سی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کو مستعفی ہونے کیلئے 7جنوری کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ،آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ( پیر) کے روز طلب کر لیا گیا ۔عوامی تحریک کی جانب سے 30دسمبر کو لاہور میں طلب کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو مستعفی ہونے کیلئے 7جنوری کی ڈیڈ لائن دے کر تمام جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔

عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی کے آج پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں تمام ممبران شریک ہوں گے۔ اجلاس میں احتجاج کے طریق کار اورقانونی پہلوؤں پر غور غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ دھرنا دینا ہے یا ملک بھر میں احتجاج کرنا ہے اس کا فیصلہ سٹیرنگ کمیٹی نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حصول انصاف کیلئے پر امن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور آج ہونے والے اجلاس میں اسی پر غور کیا جائے گا۔