177

مخالفین عام انتخابا ت میں ہمارا مقابلہ کریں ٗ وزیر اعظم

رحیم یار خان۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مخالفین جولائی کے انتخابات میں آکر مقابلہ کرلیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ نواز شریف وہ لیڈر ہیں جو وعدے نہیں کام کرکے دکھاتے ہیں، 2013 میں حکومت آئی تو 1800 کلومیٹر موٹروے تعمیر کرائی، اضافی گیس مہیا کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے تھے اسی لئے سابق وزیراعظم کا وڑن اور جذبہ تھا کہ ملک میں آئندہ 15 سال کے منصوبے بھی بنائیں گے۔

پاکستان کی تاریخ میں 42 انچ قطر کی کوئی گیس پائپ لائن نہیں ڈالی گئی ہماری حکومت میں ریکارڈ مدت میں 14 سو کلو میٹر گیس کی پائپ لائن بچھائی گئی، آج ہر صارف کو گیس فراہم کی جا رہی ہے اور کارخانے و صنعتیں لگانے کے لیے گیس میسر ہے، جتنے گیس کنکشن ہمارے دور میں دیے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔ کسی نے کرپشن اور کسی نے گالیوں کی سیاست کی، یہاں پر آپ کو وعدے کرنے والے بھی بہت ملیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ 

مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوکر مسائل حل کرے گی، ملک کی ترقی کا سفر مستقبل میں بھی جاری رہے گا، گوادر سے خیبر پختونخوا تک منصوبوں کی فہرست ہے جس پر کام کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے رحیم یار خان میں آر ایل این جی کی ترسیل اور فراہمی کے لئے42انچ قطر کی گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کہا ہے کہ آئندہ 15برس کے لئے بجلی کا مسئلہ حل کردیا ہے۔

معیشت کو جتنی ترقی ہماری حکومت نے دی ہے کسی اور نے نہیں دی اور جس نے مقابلہ کرنا ہے آئندہ الیکشن میں کرلے،ہماری حکومت نے 1800کلومیٹر موٹروے بنائی اور ہم نے گیس کے20لاکھ نئے کنکشن دئیے ہیں،مسلم لیگ(ن) نوازشریف کی قیادت میں صرف باتیں نہیں بلکہ عملی کام کرکے دکھاتی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتہائی کم عرصے میں وہ کام کرکے دکھائے ہیں جن کو مکمل کرنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک میں بھی زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی کی ترسیل اور فراہمی کے لئے 1400کلومیٹر گیس پائپ لائن ریکارڈ مدت میں مکمل کی ہے،جس میں 700کلومیٹر42انچ کی لائن شامل ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو ملک میں انرجی کا بحران تھا اور بجلی آتی تھی نہ گیس ،جبکہ گیس کا بحران حل کئے بغیر بجلی کی کمی کے مسئلے پر بھی قابو نہیں پاسکتے تھے لیکن میاں نوازشریف اور مسلم لیگ(ن) کی دور اندیشی اور منصوبہ بندی سے ناممکن مسئلے کا حل نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالر کے منصوبے مکمل کئے اور سب سے مشکل کام ایل این جی کے سودے طے کرنا تھا جو ہم نے خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچائے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ گیس فراہمی کی وجہ سے تیل پر چلنے والے بجلی کے کارخانے اب گیس پر چل رہے ہیں اور تیل کی مزید درآمد کی ضرورت نہیں رہی جبکہ ساتھ ہی ساتھ سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل تو اس سے قبل حکومتوں کے پاس بھی موجود تھے لیکن میں چیلنج کرتا ہوں کہ مخالفین پچھلے15سال کا کوئی ایک بھی قابل ذکر منصوبہ بتا دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر 2013ء تک صرف580کلومیٹر موٹروے صرف (ن) لیگ نے ہی بنائی تھی جبکہ اب تک1800کلومیٹر موٹرویز کا جال بچھایا جاچکا ہے جس کے ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کوئی سردیوں میں گیس کی دستیابی کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا جبکہ ہم نے نہ صرف20لاکھ نئے کنکشنز دئیے ہیں بلکہ گیس کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا ہے ، ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اس لئے تمام کنکشنز سفارش کے بغیر دئیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست کرتے ہیں اور عوام پر بھی اعتماد ہے کہ وہ کام کرنے والے کا ساتھ دیں گے اور جس نے مقابلہ کرن ہے آئندہ الیکشن میں کر لے سب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔