137

سیاستدان فاٹا کے نام پر پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں ٗ اسفندیار

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ، فاٹا کے نام پر پوائنٹ سکورنگ کرنے والے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے قبائلی عوام کا کندھا استعمال نہ کریں ، محمود خان اچکززئی کے فاٹا بارے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ترجمان زاہدخان نے کہا کہ ایک جانب محمود خان اچکزئی بلوچستان میں سی پیک پر پشتونوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب قبائل کو پختونوں کے ساتھ شامل کرنے پر مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا ڈبل سٹینڈرڈ ہے اور یا پھر وہ کنفیوز ہیں ہم قبائلی عوام کو پشتونوں کے ساتھ ملانا چاہتے ہیں جبکہ محمود خان اچکزئی پشتونوں کو تقسیم کرناچاہتے ہیں اور اسی مقصد کیلئے وہ پشتونوں کے اتحاد میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ چترال تا بولان پشتونوں کی یکجہتی کی باتیں کرنے والے قبائلی عوام سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں اور صرف اپنے بھائی کی گورنری اور دیگر رشتہ داروں کی اعلی عہدوں پر تعیناتیوں کا حق ادا کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کا فاٹا سے دور کا بھی واسطہ نہیں وہ اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے قبائلی عوام کے حقوق پر سودے بازی کے مرتکب ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دکھائی ایسا دے رہا کہ محمود خان نے پنجاب میں مک مکا کیا ہوا ہے شاید اسی لئے اب وہ بلوچستان حکومت کو بچانے کیلئے بھی میدان میں آنا چاہتے ہیں۔ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بشمول عسکری قیادت فاٹا کے صوبے میں انضمام پر متفق ہیں ، البتہ مولانا اور محمود خان اچکزئی کے اپنے مفادات ہیں جن کیلئے وہ قبائلی عوام کے مین سٹریم میں شامل ہونے کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں