180

پرویز خٹک نے تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ بتا دی

پشاور۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی وجہ نااہل حکمران ہیں ۔نا اہل حکمران کہتے ہیں کہ پاکستان میں تر قی اور خوشحالی لوٹ آئی ہے ۔کیا خاک خوشحالی ہے، قرضوں پہ قرضے لے کر ملکی معیشت کو غرق کر دیا، کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ بد نام ہو چکا ہے دنیا بھر میں اس رسوائی کے پیچھے چور حکمران ہیں جنہوں نے اپنی تجوریاں بھریں مگر کبھی بھی عوام کی خدمت نہیں کی ۔خیبر پختونخوا میں غریب عوام پر قدرت مہربان ہوئی جسکے نتیجے میں تحریک انصاف کی حکومت آئی ہم نے ساڑھے چار سالوں میں گزشتہ 70 سال سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کرکے ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا۔ اے این پی ، ایم ایم اے اور دیگر روایتی سیاسی جماعتیں اب عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں ۔

تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونین کونسل زیارت کاکا صاحب میں 358.346 ملین روپے کی منظورشدہ لاگت سے کیٹگری ڈی ہسپتال ،24.802 ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول اور 13.21 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پل کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسے اورایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل حاجی محمد ریاض خان ایڈوکیٹ کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، اسحاق خٹک، احد خٹک،ناظم ویلج کونسل جمیل الدین اور نائب ناظم یونین کونسل میاں انیس الدین کاکا خیل میاں گوہر علی شاہ اور حاجی محمد ریاض ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما اشفاق پراچہ، ضلعی جنرل سیکرٹری ملک ابرار،ا مجد اعظم عرف قائد اعظم سلیم مجاہد، نہار خان آف رشکی، عبداللہ جان عرف بابو اور گل انور بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اے این پی کے دور میں حکمرانوں کیلئے اپنے گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو تا تھاجب کبھی وہ باہر نکلتے تو خوف کے مارے ساری سڑکیں بلاک کردیتے جس سے عام آدمی کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ ہماری نیت صاف تھی اور اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں مخلص تھے جس کی وجہ سے اﷲ تعالیٰ نے ہم پر رحم کیا اور ہماری مدد کی ۔آج ہمارے بدترین مخالف بھی بغیر کسی خوف اور فکر کے عوام میں گھومتے ہیں اور جلسے کرتے ہیں۔ اے این پی کے دور میں رشوت اور لوٹ مار عام تھی ۔ ہمیں حیدر ہوتی اور اسفندیار کی جائیدادیں معلوم ہیں ۔ ہم نے دیکھا ہے کہ اُن کی حالت کیا تھی اور حکومت میں آنے کے بعد کس طرح اربوں کے مالک بن گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف اور موجودہ صوبائی حکومت کے خلاف باتیں کرنے سے پہلے اُن کو آئینہ میں اپنی شکل دیکھ لینی چاہیئے ۔ موجودہ صوبائی حکومت اُن کے پھیلائے ہوئے گند کو صاف کرنے میں مصروف ہے۔