147

الیکشن میں کئے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائے ٗ اسد قیصر

پشاور۔ سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ترقی کی راہ پر گامزن ہو نا جبکہ دیگر پارٹیوں کوووٹ دینا محرومیت کا شکار ہونے کے مترادف ہے ۔ گذشتہ ساٹھ سالوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں اور میرے ساڑھے چارسالہ ترقیاتی کاموں کا موازنہ کیاجائے تو میرے دور کے کاموں کا پلڑا نتہائی بھاری ہے ۔الیکشن کے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں ۔ایم ایم اے نے اپنے دور حکومت میں اسلامی قانون سازی کرنے کی بجائے صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا جبکہ اے این پی باچا خان کے فلسفے کو بھلاکر اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے سیاست کر رہی ہے ۔عوام اب مزید ایزی لوڈ کی سیاست کی اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارضلع صوابی کے موضع چھوٹا لاہورموضع کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کرنے کے بعدتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے تحصیل ناظم سہیل خان اور ڈاکٹر فضل الٰہی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق خیبر پختونخوا کے 75فیصد عوام پی ٹی آئی کو پسند کرتے ہیں اور پی ٹی آئی صوبہ میں مقبول ترین پارٹی ہے صوبائی حکومت نے ایم ایم اے کی حکومت کی نسبت کہیں زیادہ اسلامی قوانین پاس کرکے اسلام پسندی کا ثبوت دیا ۔

صوبائی حکومت نے سکولوں اور ہسپتالوں میں ریفارمز کئے جسے عوام نے پذیرائی بخشی ۔سود کے خلاف قانون سازی کی گئی اور اس غیر اسلامی کاروبار سے منسلک افراد کیلئے کڑی سزائیں تفویض کیں اب پشتو فلموں سے بے حیائی کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرنے کیلئے مشاورت کی جارہی ہے ۔

مسجدوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ جلد ہی مسجدوں کے اماموں کیلئے تنخواہ مقرر کی جائے گی ۔انہوں نے عوام سے کہا کہ پی ٹی آئی کوووٹ دینے کا ثمریہ ملاکہ صوابی کی محرومیت کا خاتمہ ہوا اور صوابی ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ،جبکہ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کو ووٹ دینے کا مطلب ہوگا کہ صوابی کو دوبارہ سے محرومیت کا شکار بنایا جائے ۔لہٰذ ا عوا م سوچ لیں کہ وہ ترقی کے خیرخواہ ہیں یا محرومیت کے اندھیرے دوبارہ مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔