169

ریپڈ بس منصوبہ کے روٹ پر ٹریفک جام کا نوٹس

پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے زیر تعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے روٹ پر مختلف سیکشنوں سے متصل تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو جانے والے راستوں پر ٹریفک جام اور بعض مقامات پر کنٹریکٹر کی جانب سے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کا نوٹس لیا ہے۔ اس سلسلے میں بی آر ٹی کے فوکل پرسن خورشید خان کو شکایات موصول ہوئیں تھیں کہ بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ، ہسپتال روڈ اور جی ٹی روڈ پر قائم بعض تعلیمی اداورں اور ہسپتالوں کو جانے والے راستوں پر ٹریفک جام کی وجہ سے طلباء اور مریضوں کو بروقت پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

معاون خصوصی نے ان شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک حکام کو بی آر ٹی منصوبے کے ساتھ گزرنے والی تمام سڑکوں ، متبادل راستوں اور بالخصوص تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے سامنے ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے تمام روٹس پر مزید ٹریفک عملے کی تعنیاتی اور مرکزی مقامات پر وقتا فوقتا عوام کی آگاہی کے لئے ٹریفک عملے کی جانب سے مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ۔ملک شاہ محمدنے بی آرٹی کنٹریکٹر کو روٹ کے ساتھ گزرنے والے تمام راستوں پر حفاظتی شیٹس اور رات کے اوقات میں روشنی کا مناسب بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔