145

حکومت کا ایل پی جی پر لگے ٹیکسوں پر نظر ثانی کا فیصلہ

لاہور ۔فاؤنڈر ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان( ایل پی جی چیمبر آف پاکستان )اورایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل پی جی پر لگے ٹیکسوں پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ لے لیا ہے جس کیلئے وزارت پٹرولیم کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔سیکریٹری پٹرولیم سکندر سلطان راجہ نے 10جنوری 2018کو ایل پی جی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک اہم اجلاس وزارت پٹرولیم کے دفتر میں دن 2بجے طلب کرلیا ہے ۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی طرف سے پاکستان میں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کیلئے لکھے گئے خطوط پر غور کرتے ہوئے وزات پٹرولیم کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔ سیکٹری پٹرولیم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ایل پی جی پر لگے ٹیکسوں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔وزیر اعظم کے اس فیصلے کے بعد ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے 10 جنوری 2018کی ملک گیر ہڑتال 30دنوں کیلئے موخر کردی۔

عرفان کھوکھر نے وزیر اعظم سے ایل پی جی پر لگے ٹیکسوں کو ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر قیمتوں کو کم نہ کیا گیا تو ایل پی جی انڈسٹری تباہی دہانے پر جا پہنچے گی۔ میٹنگ میں ایل پی جی پالیسی 2016کے مطابق غریب صارفین کیلئے 895روپے گھریلو سلنڈر کے ہم سے کئے گئے وعدے کو یقینی بنانے کی یاد دہانی کروائے جائے گی۔