218

پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ اصغر خان انتقال کرگئے

راولپنڈی۔ پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ سابق ایئرچیف مارشل اصغر خان 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔فضائیہ کے تاریخ دان، سیاستدان، سماجی رہنما اور تھری اسٹار جنرل ریٹائرڈ اصغر خان راولپنڈی میں انتقال کرگئے، اصغر خان کو پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔اصغر خان 17 جنوری 1921 کو مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہوئے، ان کے والد بریگیڈئیر رحمت اللہ خان کا تعلق شمالی وزیرستان کی وادی تیرہ سے تھا جو برطانوی فوج کیلئے کشمیر میں ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔

قیام پاکستان کے بعد اصغر خان خاندان سمیت ایبٹ آباد منتقل ہوئے جہاں انہوں نے مستقل سکونت اختیار کی اور ان کے چھوٹے بھائی کے علاوہ تمام بھائیوں نے پاکستان آرمڈ فورسز میں خدمات انجام دیں۔اصغر خان نے 1939 میں انڈین آرمی میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور 1940 میں انہوں نے انڈین ایئر فورس میں شامل ہوئے، انہوں نے 45۔1944 میں برما مہم میں کمانڈ کی۔قیام پاکستان کے بعد 1947 میں ہی اصغر خان پاکستان ایئر فورس کے پہلے کمانڈنٹ بنے اور 1950 میں انہیں پاک فضائیہ کے پہلے ایئرآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔1957 میں اصغر خان پاک فضائیہ کے پہلے مقامی کمانڈر ان چیف بنے اور 1965 میں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دیا۔

1970 میں اصغر خان نے سیاست میں قدم رکھا اور تحریک استقلال نامی جماعت کی بنیاد رکھی، اس سال انہیں انتخابات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 1977 میں ہونے والے انتخابات میں بھی ان کی جماعت خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرپائی۔اصغر خان نے 2012 میں اپنی جماعت کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کیا جس کے بعد انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی۔اصغر خان 96 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے جن کی نماز جنازہ آ ج ہفتہ کو ادا کی جائے گی اور انہیں ایبٹ آباد کے گاوں نواں شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے اصغر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق ایئر مارشل نے جانفشانی اور بہادری سے نوزائیدہ ایئرفورس کی قیادت کی۔سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ اصغرخان نے قائدانہ صلاحیتوں سے پاک فضائیہ کو جدید فضائی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، اصغر خان اعلیٰ کردار، غیرمعمولی پیشہ وارانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے پیکر تھے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی اصغر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اصغر خان اصولوں کے پابند اور دیانتدار شخصیت کے مالک تھے۔