189

پاکستان اور جاپان کا اعلی سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارت کا تشدد کا راستہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے لہذا اس کے پر تشدد رویئے سے خطے میں امن کے قیام میں مدد نہیں ملے گی۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی جاپان کے وزیرخارجہ تاروکونو سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے وزار اعظم ہاوس میں جمعرات کو ان سے ملاقات کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

جاپانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جاپان کے ساتھ تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اور جاپان کے حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے اور قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستان جاپان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ جاپان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں جاپان کا کردار قابل تعریف ہے ۔ تجارت سرمایہ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔

جاپانی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں بہترین مواقع ہیں وزیراعظم نے کہا کہ ہم خطے میں امن و سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوششوں سے اپنے عزم کو جاری رکھے گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے خطے میں بھارتی رویئے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت کا تشدد کا راستہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔

بھارت کے پر تشدد رویئے سے خطے میں امن کے قیام میں مدد نہیں ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ رابطوں اور تعلقات کو خراب کرنے کے راستے پر گامزن ہے، وہ مذاکرات سے راہ فرار کے حربے اور راستے اختیار کررہا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تشدد سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

اس موقع پر جاپانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، جاپانی وزیرخارجہ نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دیں گے ۔

علاوہ ازیں ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف اور جاپانی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں اعلی سطح رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے خطوں میں امن اور سلامتی پر بات چیت ہوئی ۔ 

خواجہ آصف نے پرامن مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔ خواجہ آصف نے افغانستان میں عالمی برادری کی طرف سے مستقل تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے جاپانی وزیر خارجہ کو سی پیک کے ذریعے خطے کے روابط بڑھانے پر بریف کیا۔ خواجہ آصف نے انہیں تمام دہشت گردگروپوں کے خلاف پاکستان کی جنگ کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ جاپانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ۔ اس موقع پر جاپانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا