164

نقشوں کے برعکس تعمیر ہونیوالی عمارتوں کی مسماری کا فیصلہ

پشاور۔ٹاؤن 2کی حدود میں گزشتہ 2سال کے دوران نقشوں کے برعکس تعمیر ہونے والی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کو مسمار کرنے اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے ٗ مذکورہ عمارتوں کا فزیکل معائنہ 10جنوری سے شروع ہوگا جس کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیدیا گیا ہے خصوصی مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی ناظم ٹاؤن 2فرید اللہ خان کافور ڈدھیری کے مطابق سکواڈ کی سربراہی وہ خود کرینگے اور ٹاؤن 2کی حدود میں 2سال کے دوران تعمیر ہونے والی تمام عمارتوں کا فزیکل معائنہ کیا جائیگا۔

جس عمارت کی تعمیر نقشے کے برعکس پائی گئی تو اسے مسمار کیا جائیگا جبکہ بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کرکے بی سی اے کے حکام اور ٹی ایم او کی بھی سرزنش کی جائے گی ناظم ٹاؤ ن 2نے مزید کہا کہ ٹاؤن ٹو زرعی علاقہ ہے تاہم دھرا دھرا ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے قیام سے زرعی اراضی سکڑ چکی ہے انہوں نے تنبیہ کی کہ عوام نقشوں کے مطابق تعمیرات کو یقینی بنائیں بصورت دیگر غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی انہوں نے کہا کہ 10جنوری سے شروع ہونے والے خصوصی آپریشن میں بلا امتیاز کاروائی ہوگی ۔