215

صدر بازار کی بین الاقوامی طرز پر تزئین و آرائش کا فیصلہ

پشاور۔کنٹونمنٹ بورڈ پشاور انتظامیہ نے خادم حسین روڈ سے فخر عالم روڈ (صدربازار)کی بین الاقوامی طرز پر تزئین و آرائش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی روشنی میں عرصہ دراز سے فٹ پاتھوں اور سٹرکوں پر قابضین کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے منصوبہ ایک سال کے عرصہ میں مکمل کرلیا جائیگا جس کیلئے تیاریوں کا آغاز بھی کردیاگیا ہے پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 2 ’’پارکنگ پلازہ ‘‘ کی تعمیربھی جلد ہی شروع کردی گئی جائیگی جبکہ فوارہ چوک میں فوڈ سٹریٹ بھی بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کیلئے پی سی ون تیار کیاجارہا ہے فوڈ سٹریٹ میں تمام عمارتوں کو قدیمی ثقافت کے طرز پر رنگ و رونگن کیاجائیگا بازار کی تزئین و آرائش اور پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے بعد گاڑیوں کے داخلے پرپابندی عائد کی جائیگی ۔

اس ضمن میں گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر فیصل منیر وٹو نے ’’آج ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پشاور کی تاریخ میں پہلی بار صدر کے بازار کی بین الاقوامی طرزتزئین و آرائش کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام دکانوں کا ایک ہی سائز کا بورڈ ہوگا ٗ فٹ پاتھوں پر پودے ٗ لائٹنگ کے ساتھ ساتھ اشتہارات کیلئے سکرنیں لگائی جائیں گی انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر خادم حسین روڈ سے فخر عالم روڈ کو خوبصورت بنایاجارہا ہے اس کے بعد اس کا دائرہ کار دیگر بازاروں تک بھی بڑھایاجائیگا 800 میٹر روڈ اپ لفٹ کو تین فیز میں تقسیم کیاگیا ہے اس کے علاوہ گرین شادی ہال اور شفیع مارکیٹ میں پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں گے جس کیلئے تیاریوں کے آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عرصہ دراز سے فٹ پاتھوں اور سٹرکوں پر قابضین کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کیاگیا اور وقفے وقفے سے تجاوزات مافیا کیخلاف آپریشن کیاجارہا ہے ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسرنے بتایاکہ 800 میٹر روڈ کی اپ لفٹ کے بعد تمام دکانوں پر ایک طرز کے بورڈ لگانے کے احکامات جاری کئے جائیں گے جس کا سائز 4 فٹ مقرر کیاگیا ہے اس کے علاوہ فٹ پاتھوں اور پودے ٗ لائٹنگ اور اشتہارات کیلئے سکرنیں بھی لگائی جائیں گی انہوں نے کہاکہ پارگنگ پلازوں کی تعمیر کے بعد صدر کے بازار میں ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی عائد کی جائیگی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے الیکٹرک گاڑیوں چلائی جائیں گی فیصل منیر وٹونے تاجر تنظیموں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔