80

ڈیرہ میں دہشت گردی ٗ 2 پولیس اہلکار شہید

ڈی آئی خان ۔ڈیرہ کے علاقہ تحصیل پروا میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور بڑا واقعہ ،نامعلوم دہشت گرد ایک بار پھر دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے میں کامیاب ،دہشت گردوں کی فائرنگ سے دد پولیس اہلکار شہید ہوگئے ،قاتل ارتکاب جرم کے بعد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ،پولیس اہلکاروں کی میتیں پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئیں ،پولیس لائن ڈیرہ میں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

تھانہ پروا کی حدود خانہ شریف موڑ کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل پر سوار دو پولیس اہلکاروں ڈی ایف سی ہیڈکانسٹیبل پینتالیس سالہ غلام عباس سکنہ جھوک رضو نائیویلہ اور ڈی ایس بی ڈیرہ کے اہلکارکانسٹیبل تیس سالہ محمد بشیر سکنہ گرہ سانگھی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔دہشت گرد ارتکاب جرم کے بعد جائے وقوعہ سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پروا ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد پولیس لائن ڈیرہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

جس میں پولیس افسران اور جوانوں کے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔بعدازاں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پروا پرسیس سیل میں تعینات ڈی ایف سی پولیس اہلکار غلام عباس اور علاقہ پروا میں ڈیوٹی پر موجود ڈی ایس بی ڈیرہ کا اہلکارکانسٹیبل محمد بشیر وقوعہ کی صبح اکھٹے تھانہ سے موٹرسائیکل پر ڈیوٹی کے لئے روانہ ہوئے ۔

تھانہ پروا کی حدود خانہ شریف موڑ کے قریب پہنچنے پر موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر اچانک فائرنگ کردی جس سے وہ جاں بحق ہوگئے ۔سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔