امریکی خلائی ادارے NASA نے اپنے تاریخی آرٹیمس دوم مشن کے لانچ کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، جو 50 برس میں چاند تک انسانوں کی جانے کی پہلی کوشش ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں 19 مارچ کو 98 میٹر بلند راکٹ ہینگر سے نکال کر پیڈ پر واپس لے جایا جائے گا، جس کے بعد یکم اپریل یا اس کے بعد لانچ کیا جائے گا۔
آرٹیمس دوم کے عملے کو چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے رواں برس کے آغاز میں خلا میں بھیجا جانا تھا، تاہم اسپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ کے ساتھ ایندھن لیک اور دیگر تکنیکی مسائل کے باعث مشن میں تاخیر ہوئی۔
فلوریڈا میں فروری میں ہائیڈروجن فیول لیک پر قابو پا لیا گیا، لیکن ہیلیم کے بہاؤ کے مسئلے نے ناسا کو راکٹ واپس اسمبلی بلڈنگ میں لے جانے پر مجبور کیا تاکہ اس کی مرمت کی جا سکے، جس کی وجہ سے مشن اپریل تک مؤخر ہو گیا۔
ناسا کے ذرائع کے مطابق اس لانچ کے لیے ابتدائی اپریل کے چند ہی دن دستیاب ہیں، اور اگر یہ ممکن نہ ہوا تو مشن 30 اپریل سے ابتدائی مئی تک کے دوران لانچ کیا جائے گا۔








