75

منی لانڈرنگ کیس،فریال تالپور نے عبوری چالان چیلنج کردیا

کراچی۔پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا عبوری چالان عدالت میں چیلنج کر تے ہوئے کہا ہے کہ الزامات سے میراکا کوئی تعلق نہیں، ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے،عدالت چالان پر حکم امتناع جاری کرکے کارروائی کرے۔ پیر کو سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے عبوری چالان کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔

فریال تالپور نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی آر میں کسی قسم کی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے، چالان میں میرا کوئی کردار واضح نہیں اور الزامات سے میراکا کوئی تعلق نہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے، ایف آئی اے کے چالان کو غیر قانونی قرار دے کر معطل کیا جائے اور عدالت چالان پر حکم امتناع جاری کرکے کارروائی کرے۔

واضح رہے ایف آئی اے بے نامی اکانٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔گزشتہ دنوں منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی کے طلب کرنے پر فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں اور انہوںںے مزید مہلت طلب کرلی ہے جب کہ پی پی رہنما نے بینک کورٹ سے ضمانت بھی کرارکھی ہے۔