49

نوازشریف کے خون کی روانی متاثر، سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز

راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں طبیعت شدید خراب ہوگئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

 سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ ہوگئی ہے ۔ پمز ہسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نعیم ملک نے  نواز شریف کو سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔  جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے بلڈ ٹیسٹ کیا گیا تو نوازشریف کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی جس کے باعث ان کے خون کی روانی متاثر ہوگئی ہے اور دونوں بازوں میں شدید درد ہے جبکہ نوازشریف کی ای سی جی بھی غیرتسلی بخش آئی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق راولپنڈی پمز ہسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نعیم ملک نے میاں نواز شریف کو سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی ہے، جیل حکام نے پنجاب کی نگراں حکومت سے رابطہ کیا ہے تاکہ نوازشریف کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جاسکے، پنجاب حکومت سے اجازت ملتے ہی میاں نواز شریف ہسپتال منتقل کردیا جائے گا، اس حوالے سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور جیل کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ  میڈیا کو جیل سے دوکلومیٹر دور روک دیا گیا ہے

نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت نے نوازشریف کو اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے ہے اور سابق وزیراعظم کو کچھ  دیرمیں پمز اسپتال منتقل کر دیا جائے گا۔ تاہم سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کرنے والی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ بار بار اصر ار کے باوجود نوازشریف ہسپتال منتقل ہونے سے انکار کررہے ہیں۔

دوسری جانب نوازشریف کی پمز اسپتال میں ممکنہ آمد پر سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، اسپتال کے وی آئی پی وارڈ کے باہر پولیس کی بھاری نفری  اور سادہ کپڑوں میں پولیس کے جوان پمزکے مختلف حصوں میں تعینات کردیئے گئے ہیں، غیر متعلقہ افراد کو وی آئی پی وارڈ کے باہر اور اردگرد سے ہٹایا جارہا ہے جب کہ متعلقہ ایس پی اور ڈی ایس پی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔