53

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نتائج جاری

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے غیر حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق قومی اسمبلی میں پا کستان تحریک انصاف(پی ٹی آ ئی) سب سے بڑی جماعت جبکہ مسلم لیگ (ن) دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔جمعہ کو جا ری کیئے جا نے والے غیر حتمی نتا ئج کے مطا بق قومی اسمبلی میں پی ٹی آ ئی 115 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، مسلم لیگ (ن)62 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پیپلز پارٹی 43 کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔

متحدہ مجلس عمل کی قومی اسمبلی میں 12، مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، جی ڈی اے 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، اے این پی اور بی این پی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن)پنجاب اسمبلی میں 127 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر، تحریک انصاف 122 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ29 حلقوں سے آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

اس کے علاوہ پی ایم ایل (ق) 7، پیپلزپارٹی نے 6 اور دیگر جماعتوں نے 3 نشتیں حاصل کیں۔الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی سندھ کے 120 حلقوں کے نتائج جاری کیے جس میں پیپلز پارٹی 47 نشستوں کے ساتھ سر فہرست، تحریک انصاف 22، ایم کیو ایم پاکستان 16، جی ڈی اے 11، تحریک لبیک پاکستان 2 جب کہ دیگر جماعتوں کی 3 نشتیں ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے 96 حلقوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف 66 نشستوں کے ساتھ سر فہرست، ایم ایم اے 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ اے این پی 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، کے پی اسمبلی میں(ن)لیگ نے 5 ، آزاد امیدوار 5 اور پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے 45 حلقوں کے نتائج جاری کیے جس کے مطابق بی اے پی 13 نشستیں حاصل کر چکی ہے، ایم ایم اے 9 جب کہ 5 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ اس کے علاوہ بی این پی 5، تحریک انصاف 4 اور دیگر جماعتوں نے 7 نشستیں حاصل کیں۔