50

مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اور ہم انشاءاللہ حکومت بنائیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں خیبر پختونخوا سے آگے ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کےطول و عرض میں شاندار اسپتال بنائے ہیں،صوبے بھر میں 19 یونیورسٹیاں بنائی گئیں، پوری قوم اور بالخصوص پنجاب میں لوگوں نے بھرپور ووٹ دیے۔ ہماری کارکردگی کی وجہ سے عوام نے ہمیں ووٹ دیے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، ہماری جماعت کی صوبائی اسمبلی میں 129 نشستیں ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، تمام تر تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے کیونکہ جمہوریت میں خرابی کا علاج ہے اور جمہوریت۔ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم اپوزیشن میں بیٹھ رہے ہیں، 2013 میں نواز شریف نے عمران خان کے مینڈیٹ کا احترام کیا اور انہیں خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا۔ پاکستانی قوم کو چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کی گاڑی کو ہم آہنگی کے ساتھ آگے لے کر چلیں، ہمیں اقتدارکی ہوس نہیں لیکن جمہوری اقدار کا خیال رکھا جانا چاہیے، تمام آئینی اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی، جمہوری روایات کا احترام کیا جائے کیونکہ ہماری 129 سیٹیں ہیں۔ ہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) سے بھی بات کریں گے۔ اگر روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

عمران خان کی تقریر سے متعلق سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں باتیں بہت اچھی تھیں لیکن عمل کرنا پڑے گا۔ ہم دیکھیں گے عمران خان اپنی باتوں پر کتنا عمل کرتے ہیں۔ ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا پڑا اس کو ایکسپوز کریں گے۔