48

تحریک انصاف کاجشن، مسلم لیگ کادھاندلی کاالزام

پاکستان کے 11 ویں انتخابات عوام کی بھرپور اُمنگوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے جس کے بعد نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے تقریباً 10 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوچکے ہیں۔

ان نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کا الزام لگایا ہے جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں جشن منانا شروع کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا۔

مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا ہے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن کے دروازے بند کر کے فارم 45 نہیں دیاجا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ’بند کمروں میں دھاندلی نہیں ہو رہی تو فارم 45 ہمیں دیاجائے،ایسی کارروائی جا ری رہی تو الیکشن کمیشن ذمےدار ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کا مینڈیٹ چوری ہوا تو ہمیں قبول نہیں ہوگا اور سوال کیا کہ تصدیق شدہ نتائج نہ دینے کا ذمہ دار کون ہے، الیکشن کمیشن جواب دے۔

علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 156 ملتان کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شاہ محمود قریشی 93 ہزار 5 سو ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے عامر سعید انصاری 74 ہزار 6 سو 24 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔