39

تمام پولنگ اسٹیشنز کو فول پروف سکیورٹی فراہم

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عام انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ضلع بھر میں 1190 پولنگ اسٹیشنز میں 7754 پولیس اہلکار اور افسران کوتعینات کر دیاسکیورٹی پلان کے مطابق کل 650 مرد اور 540 خواتین پولنگ اسٹیشنز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ضلع بھر کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کی ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔

عام انتخابات کے پرامن انعقاد کی خاطر پشاور پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے ضلع بھر کے 1190 پولنگ اسٹیشنز پر 7754 پولیس اہلکار و افسران تعینات کر دیئے 366 نارمل پولنگ سٹیشنز، 549 حساس اور 275 انتہائی حساس قرار دئیے گئے پولنگ اسٹیشنزکو سکیورٹی فراہم کر دی گئی سکیورٹی پلان کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیوں سمیت شہر میں موبائل اور رائیڈر سکواڈ کی گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا، جبکہ حساس اور اہم مقامات ، سرکاری املاک و دفاترکی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی ۔

سکیورٹی پلان کے تحت فول پروف سکیورٹی کی خاطرپولیس اور فوج کیساتھ ساتھ قومی رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں جن کو امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں اسی طرح ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کی خاطر تمام پولنگ اسٹیشنز کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی سکیورٹی کے لحاظ سے حساس قرار دئیے گئے ضلع بھر کے پولنگ اسٹیشنوں میں خفیہ مانیٹرنگ اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اسی طرح سکیورٹی پلان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئیک رسپانس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں امسال سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی ایس ایم ایس الرٹ سسٹم متعارف کرا یا گیا ہے جس سے ضلع بھر کے افسران و اہلکار منسلک کئے گئے ہیں جوہنگامی صورتحال سے صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہی حاصل کر سکیں گے حکام نے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے جبکہ ووٹروں کی قطار بندی اور جامعہ تلاشی کے عمل کو یقینی بنایاجائے ۔