40

شیخ رشید کی پٹیشن مسترد، 60-NA میں الیکشن ملتوی کا فیصلہ برقرار

راولپنڈی:  ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی پٹیشن مسترد کرتے ہوئے  این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے راولپنڈی این اے 60 میں الیکشن ملتوی کیے جانے کے فیصلے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائرکی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ آئین کے تحت الیکشن صرف کسی امیدوارکی وفات کی صورت میں موخر کیے جاسکتے ہیں، امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزا پران حلقوں میں الیکشن ملتوی نہیں ہوئے تو حنیف عباسی کو سزا ملنے کے بعد این اے 60 پر بھی انتخابی عمل کو روکا نہیں جاسکتا۔ کسی امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں؟ اس لیے این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنا غیر قانونی ہے یہ فیصلہ کالعدم کیا جائے۔

عدالت نے سماعت کے بعد شیخ رشید کی پٹیشن مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ درست ہے۔واضح رہے کہ 21 جولائی کے روز انسداد منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمرقید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر کردیئے تھے۔