60

چیف الیکشن کمشنرُ امیدواروں کو مناسب سیکیورٹی کی عدم فراہمی پر برہم

اسلام آباد۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملے میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور پر حملے کی شدید مذمت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلی، آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ہونے والے خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور شہید ہوگئے جب کہ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اکرام اللہ گنڈا پور پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔