61

عیدالاضحی صفائی پلان کی تیاری شروع

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی اور دیگر خدمات کی فراہمی کے خصوصی پلان کی تیاری شروع کر دی پلان کو 10 اگست تک حتمی شکل دی جائے گی جسے صوبائی وضلعی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کو بھی بھیجا جائے گا۔ اس سلسلے میں جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان کی صدارت میں زونل منیجرز، منیجرز سالیڈ ویسٹ، واٹر سپلائی اور دیگر حکام کا اجلاس ہوا جس میں اب تک کی ابتدائی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا زونل منیجرز عید پلان پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے اس بار اضافی گاڑیوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ زونل منیجرز کو ہدایت کی گئی کہ گاڑیوں کی ضروری مرمت، ہتھ ریڑھیوں اور دیگر آلات کی دستیابی جلد از جلد یقینی بنائی جائے اور 10 اگست سے قبل تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی آگہی کے لئے شہر کے نمایاں مقامات میں بینرزآویزاں کئے جائیں گے۔

منتخب بلدیاتی نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا جبکہ مساجد کے پیش اماموں سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ وہ خطبات عید اور جمعہ میں لوگوں کو صفائی کا پیغامپہنچائیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عید کے موقع پر شہر کی مکمل صفائی یقینی بنانے کے علاوہ دیگر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔