64

نازیبا الفاظ کے استعمال پر مزید 3 امیدواروں کو نوٹس جاری

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پرمختلف جماعتوں کے رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیے۔

 انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی تقریروں میں غیر مہذب الفاظ کا استعمال اور مخالفین کے خلاف تندو تیز جملوں اور تضحیک پر مبنی زبان کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے تین اہم امیدواروں کو نوٹس جاری کردیا۔

نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، تحریک انصاف کے پرویز خٹک اور مسلم لیگ(ن) کے سردار ایاز صادق کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں کہا ہے کہ تینوں رہنما 21 جولائی کو بذات خود  پیش ہوں یا وکیل کو سماعت پر پیش کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جلسوں میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر نوٹس جاری کیا تھاجس پر آج سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے تھے۔