35

عمران خا ن کا نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر جانبداری کا الزام

نتھیا گلی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس دوست محمد خان مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ نتھیا گلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوا لے سے اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، انتخابات میں عوام کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت غیر جانب دار ہوتی ہے لیکن نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرد دوست محمد خان، فضل الرحمان اور اکرم درانی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ ن کے صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میرے خلاف 32 جعلی ایف آئی آر کٹوائیں لیکن نواز شریف کے بعد انہیں بھی اڈیالہ جانا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گلیات کی خوبصورتی کا مقابلہ سوئٹزلینڈ بھی نہیں کر سکتا۔ اقتدار میں آ کر ہر سال گلیات میں چار نئے سیاحتی مقام بنائیں گے اور سیاحت کے فروغ کے لیے کالج بھی قائم کریں گے انہوں نے کہا ہیکہ گلیات اور کاغان سیاحت کے لیے بہترین مقام ہے اقتدار ملا تو یہاں سیاحت کے شعبے کو فروغ دیں گے گلیات میں انڈسٹری لگانے کا سوچ بھی نہیں سکتا اگر کوئی کہے گلیات میں انڈسٹری لگا دوں گا تو وہ جھوٹ بولا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے کو اللہ تعالی نے خصوصیات بخشی ہیں نتھیا گلی جیسے مقامات سیاحت کے لیے بڑے پُرکشش ہیں۔

یہاں سیاحت کو فروغ دے کر علاقے میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے گلیات اور کاغان کی خوبصورتی کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ بھی نہیں کر سکتا یہاں جیسی خوبصورتی اللہ نے دنیا کی بہت کم جگہوں کو دی ہے اس لیے یہ علاقہ ٹورازم کے لیے سوئٹزرلینڈ سے بہتر ثابت ہو سکتا ہے ہمیشہ سیاح گرمیوں میں گلیات کا رخ کرتے ہیں سوئٹزرلینڈ گلیات کے مقابلے میں خوبصورت نہ ہونے کے باوجود بھی جتنا وہ ٹورازم سے کماتا ہے۔

ہم اتنا ہی تمام تر برآمد سے بھی نہیں کما سکتے اگر ہم گلیات میں سیاحت کو فروغ دیں تو سوئٹزرلینڈ سے کئی گنا زیادہ کما سکتے ہیں گلیات قدرتی حُسن سے مالا مال ہے اگر ہم یہاں سیاحت کے شعبے کو صحیح طریقے سے ترقی دیں تو لوگوں کے حالات بدل سکتے ہیں میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ہر سال چار نئے ٹورازم پوائنٹ بنائیں گے نئے سیاحتی مقامات بننے سے مقامی لوگوں کو نوکریاں ملتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ٹورازم کی تربیت دی جائے گی۔