99

یونیفارم نہ پہننے والے ڈبلیو ایس ایس پی اہلکاروں کی شامت

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) انتظامیہ نے یونیفارم اور حفاظتی آلات استعمال نہ کرنے والے اہلکاروں کو متنبہ کیا ہے کہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی تمام اہلکاروں کو یونیفارم،ڈانگری، ماسک، داستانے، گم بوٹس، ایپرن، جیکٹ اور برساتی سمیت دیگر حفاظتی آلات فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

جنہیں دوران ڈیوٹی اور کام پہننا اور استعمال کرنا لازمی ہے۔ انتظامیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض اہلکار قواعد وضوابط اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں جو نہ صرف ان اہلکاروں کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ ڈبلیو ایس ایس پی کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ انتظامیہ نے تمام اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ یونیفارم پہننا اور حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنائیں ۔

بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اس سلسلے میں زونل منیجرز، منیجرز سالیڈ ویسٹ، واٹر سپلائی اور ڈرنیج کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں یونیفارم اور حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنانے اور قواعد ضوابط پر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں کے بارے میں رپورٹ کارروائی کے لئے حکام بالا کو بھجوانے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔