50

پشاور میں پی ٹی آئی امیدوار کی اہلیت چیلنج

پشاور۔خیبرپختونخواسمبلی کے حلقہ پی کے73 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارتیمورسلیم خان جھگڑا کی اہلیت کو پشاورہائی کورٹ میں چیلنج کردیاگیاہے اور عدالت عالیہ کے چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس مس مسرت ہلالی پرمشتمل دورکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کونوٹس جاری کرکے امیدوارکو24جولائی کو طلب کرلیاہے عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے یہ احکامات گذشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 73سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار امان اللہ حقانی کی جانب سے عیسی خان ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائررٹ پرجاری کئے۔

اس موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ پی ٹی آئی کے امیدوار تیمورسلیم خان جھگڑا کو نااہل قرار دیا جائے کیونکہ اس کی دوہری شہریت ہے اس کی ایک شہریت دوبئی کی ہے اوراس کے پاس دوبئی کااقامہ ہے اورالیکشن کمیشن کے سامنے غلط بیانی کی ہے اوردوہری شہریت ظاہرنہیں کی لہذااسے نااہل قرار دیا جائے۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ تیمور سلیم خان جھگڑا کی سال2018ء کی آمدن8کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ انکم ٹیکس زیروادا کیا گیاہے اوراس طرح وہ آئین کے آرٹیکل62اور63پربھی پورانہیں اترتے لہذاانہیں نااہل قرار دیا جائے فاضل بنچ نے رٹ پٹیشن کی ابتدائی سماعت کے بعدالیکشن کمیشن کونوٹس جاری کرکے تیمورسلیم خان کو24جولائی کو طلب کرلیا ہے ۔