51

ایم ایم اے کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ جاری ہے ‘ امیر مقام

پشاور۔مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے کے درمیان سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کاسلسلہ جاری ہے جس کے بعد مردان کی انتخابی فضاء میں ڈرامائی تبدیلی قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے کے مابین انتخابی اتحاد ہو گیا ، پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئرا میر مقام اور ایم ایم اے کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے انتخابی اتحاد کا اعلان کیا

مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے کے اُمیدواروں سمیت مقامی عہدیداران اور اُمیدواران شریک ہوئے دونوں رہنماؤں کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ این اے 21 مردان پر مولانا شجاع الملک ایم ایم اے اورپاکستان مسلم لیگ ن کے مشترکہ اُمیدوار ہونگے ، جبکہ پی کے 51 اور پی کے 52 پر حاجی خان اکبر آفریدی اور نوابزادہ ارسلا خان ہوتی مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے کے مشترکہ امیدوار ہونگے انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں بھی ایم ایم اے اور پاکستان مسلم لیگ ن نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے جہاں پر بھی ضرورت محسوس ہو گی تو وہاں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی انہوں نے کہا کہ انتخابی ماحول دونوں سیاسی قوتوں کیلئے ساز گار ہے اور جو اُمیدوار ہم نے انتخابی میدان میں اُتارے ہیں وہ اپنی سیٹیں جیت کر دکھائیں گے ۔