60

الیکشن سےچند روز قبل انتخابی امیدواروں پر حملے لمحہ فکریہ ہیں، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ انتخابات سے صرف 10 روز قبل انتخابی امیدواروں پر قاتلانہ حملے لمحہ فکریہ ہیں۔

سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کے لئے کوئٹہ روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل آزاد اور منصفانہ انتخابات سے مشروط ہے لیکن انتخابات سے 10 روز قبل انتخابی امیدواروں پر حملے لمحہ فکریہ ہیں، الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت امیدواروں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔

علاوہ ازیں سانحہ مستونگ کے سوگ میں مسلم لیگ (ن) نے آج اپنی انتخابی مہم معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہباز شریف کوئٹہ جائیں گے جہاں وہ مستونگ خودکش حملے میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کریں گے۔