38

دہشت گردی واقعات ٗالیکشن کمیشن کا بڑااعلان

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے حالیہ دہشتگردی واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے ۔عام انتخابات 2018 کو سیکورٹی خطرات کے معاملہ پر الیکشن کمیشن کو نیکٹا حکام نے بریفنگ دی، نیکٹا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سلمان خان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عام انتخابات 2018 کو کوئی سنجیدہ خطرہ نہیں ہے، عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہونگے،عام انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

سیکورٹی خدشات سے متعلق الرٹس باقاعدہ صوبائی حکومتوں کو بھجوائے جاتے ہیں، ڈاکٹر سلمان نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کتنے امیدواروں اور سیاسی رہنماوں کو سیکورٹی خطرات ہیں،الیکشن کمیشن کا سیکورٹی خدشات پر اجلاس کے اعلامیہ میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد الیکشن سے متعلق عوام کو مایوسی سے نکلنا چاہیے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں سیکورٹی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لے کر لائحہ عمل اختیار کریں، انتظامیہ، سیاسی جماعتیں سیکورٹی حالات سے متعلق آپس میں رابطہ بڑھائیں، انتخابات پرامن بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور عوام تعاون جاری رکھیں۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ نیکٹا تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھے۔