51

سرا ج الحق اور چوہدری شجاعت کی بلور ہاؤس آمد

پشاور۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی دہشت گردی کی نئی لہر ملک و قوم کے خلاف سازش ہے ٗ الیکشن سے قبل الیکشن پر سولاات لمحہ فکریہ ہے ٗ نگران حکومتیں غیر جانبدار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلورہاؤس میں بم دھماکے میں جاں بحق ہارون بلور کی تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور امیدوارپی کے 76 بحر اللہ خان ایڈووکیٹ، امیدوار این اے 31 صدیق الرحمن پراچہ ا ور قائمقام امیر جماعت اسلامی پشاور ہدایت اللہ بھی موجود تھے اس موقع پر انہوں نے مرحوم کیلئے دعا ءِ مغفرت اور متاثرہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کو مؤخر کرانے کے حربے کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں معلوم نہیں لیکن جو ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے، مریم نواز کو ان کمروں میں رکھا گیا ہے جو دو کمرے محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے تیار کیے گئے تھے۔ہفتہ کو پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین بلور ہاؤس پشاور پہنچے اور بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت پر غمزدہ فیملی سے تعزیت کی جن میں غلام احمد بلور، الیاس بلور اور دانیال بلور بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر جاوید نسیم بھی موجود تھے بعد ازاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سنا ہے نوازشریف کو اڈیالہ جیل کے اے بلاک کے احاطہ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پشاور میں صرف تعزیت کیلئے آئے ہیں انہیں بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کا بہت دکھ ہے، ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

میڈیا کے اس سوال پر کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں مجھے اس کا نہیں معلوم البتہ یہ جو کچھ اس وقت ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے تھا۔ اس سوال پر کہ نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں کیسے رکھنے کی اطلاع ہے تو انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے اے بلاک کے اس احاطہ میں 11۔12 مختلف سیل ہیں جس سیل میں انہیں مبینہ طور پر رکھا گیا ہے میں بھی اسی سیل میں رہا اور یوسف رضا گیلانی بھی اسی سیل میں تھے۔