79

خیبر پختونخوا کے تدریسی ہسپتالوں میں کینٹینیں سیل

پشاور۔ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جمعے کو خیبرتدریسی ہسپتال میں تادیبی کاروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر دوبارہ فعال کی گئیں تمام کینٹینوں کو ایک مرتبہ پھر سیل کردیا۔ اتھارٹی کو میڈیا نمائندوں کے ذریعے معلومات موصول ہوئیں کہ پرسوں سربمہرکی گئیں تمام کینٹین غیرقانونی طور پر فعال ہوچکی ہیں اورہسپتال کے مریضوں کو مضر صحت کھانوں کی فراہمی جاری ہے۔

اس اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آریشن شاہانہ خلیل نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیلا محبوب اور سائرہ نثار کی ٹیموں کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے تمام کینٹینوں کو دوبارہ سیل کردیا جبکہ پکے پکائے مینو کو قبضے میں لیکر تلف کردیا۔ فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

مزید برآں کسی کو بھی یہ اجازت نہیں کہ وہ اتھارٹی کے سیل کردہ عمارت کو خود سے کھولے۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے کاروائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کینٹین مالکان کو خبردار کیا ہے کہ کے پی فوڈ اتھارٹی کے کاروائیوں کو مذاق نہ سمجھیں اور اتھارٹی کے پاس اختیار ہے کہ کسی بھی روزگار کو پختونخوا میں مستقل طور پر بند کردے جبکہ ایسے عناصر کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی جو اتھارٹی کی قانونی کاروائی کی راہ میں روڑے اٹکارہے ہیں۔