45

عوامی شکایات پر پشاور شہر میں سپیڈ بریکرز کا صفایا

پشاور۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایون خان نے ٹاؤن ون کے چیف ڈیمالشنگ انسپکٹر قیصر باچا کے ہمراہ اندرون سرکی گیٹ اور گرد و نواح میں سپیڈ بریکروں کوہٹا دیا۔

عوام کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ان سپیڈ بریکرز کی وجہ سے اکثر گاڑیوں کے ٹائر پھٹ جاتے ہیں اور اکثر مقامات پر ایکسیڈنٹ بھی ہوئے ہیں۔موقع پر موجود عوام نے انتظامیہ کے اس اقدام کو کافی سراہا اور داد دی۔اس موقع پر بات کر تے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ان سپیڈ بریکرز کی وجہ سے عوام کو سخت تکلیف کا سامنا ہے اور اکثر علاقوں میں ایکسیڈنٹ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے کاروائی کر تے ہوئے اندرون سرکی گیٹ اور گرد و نواح سے سپیڈ بریکرز کا خاتمہ کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے دیگر علاقوں سے بھی سپیڈ بریکرز کو بھی ہٹایا جا ئے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔