63

ڈبلیو ایس ایس پی کی تنخواہوں پر نظرثانی کا فیصلہ

 

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈبلیو ایس ایس پی کمپنی کیڈر کے کم تنخواہ دار ملازمین کی تنخواہ پر نظرثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہوں کا نیا سٹرکچر تیار کرنے کے لئے کیس بورڈ کی فنانس کمیٹی کے حوالے کر دیا ہے کمیٹی جلد از جلد تنخواہوں کا نیا سٹرکچر تیار کر کے بورڈ کو منظوری کے لئے پیش کرے گی۔ یہ فیصلہ بورڈ ڈائریکٹرز کے چیئرمین طاہر عظیم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔

جس میں بورڈ ارکان کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب خان شریک ہوئے۔ اجلاس میں کمپنی کیڈر ملازمین کی تنخواہوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ کم تنخواہ دار ملازمین کے لئے تنخواہ کا نیا سٹرکچر تیار کیا جائے تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ کام کرسکیں۔ فیصلے سے کمپنی کیڈر کے تحت بھرتی ہونے والے ٹیوب ویل آپریٹرز، خلاصی،خاکروب، کٹھہ قلی ، ڈرائیورز، ہیلپرز اور نائب قاصدین مستفید ہوں گے۔

بورڈ فیصلے کی روشنی میں ملازمین کے تحفظ کے لئے ہیلتھ اینڈ سیفٹی پراجیکٹ کے تحت جدید آلات خریدے جائیں گے جن میں پورٹ ایبل سکنگ مشین، ڈی واٹرنگ پمپ، لیکیج کا سراغ لگانے والے آلات، جدید ماسک، زیر زمین نالیوں میں کام کے دوران کسی بھی حادثہ اور مضر اثرات سے بچنے اور دیگر ضروری آلات خریدے جائیں گے۔ بورڈ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کے لئے مراعاتی پیکیج کی بھی منظوری دی ہے اچھی کارکردگی کے حامل ملازمین کو اعزازیہ، شیلڈز اور اسناد دی جائیں گی جبکہ انہیں پروموشن بھی دی جائے گی۔