50

پشاور دھماکہ ٗ پولیس نے نئی حکمت عملی طے کر لی

پشاور۔ پشاور پولیس نے یکہ توت میں خودکش حملے کے بعد دہشت گرد عناصر سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کر لی چیکنگ پوائنٹس اور ناکہ بندیوں پر جدید آلات سے لیس اضافی نفری تعینات کرکے سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات کے ذریعے تمام آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے اس کے علاوہ شہر بھر میں پولیس موبائل اور رائیڈر سکواڈز گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے اور حساس مقامات کی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے نگرانی شروع کر دی گئی ہے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میںیکہ توت میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد دہشت گرد عناصر سے نمٹنے، امن و امان کے قیام و سکیورٹی سے متعلق سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔

جس میں ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال سمیت تما م ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی اجلاس میں یکہ توت خود کش بم دھماکہ کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اورپولیس افسران کو بم دھماکہ کے بعدترتیب دی جانے والی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اجلاس میں بتایا گیا کہ خودکش بم دھماکہ کے بعد شہر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، چیکنگ پوائنٹس اور ناکہ بندیوں پر جدید آلات سے لیس اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں پولیس موبائل اور رائیڈر سکواڈ کے ذریعے گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

حساس مقامات کی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ سنیفر ڈاگز اور ٹیکنیکل آلات کے ذریعے تمام آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں میں سکیورٹی فورسز، لیڈیز پولیس اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے گھر گھر سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے اجلاس میں بتا یا گیا کہ پولیس شہر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردوں عناصر سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیارہے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی کو بھی شہر کا سکون برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اجلاس کے آخر میں ہارون بلو ر شہید سمیت یکہ توت دھماکے کے شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔