182

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

کوئٹہ۔بلوچستان اسمبلی کے اراکین کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق سرفراز بگٹی جلد اپنا استعفی وزیراعلی بلوچستان کو پیش کردیں گے۔دوسری جانب وزیر ماہی گیری بلوچستان میر سرفراز چاکر ڈومکی نے وزیراعلی بلوچستان کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔

اس سے قبل بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے وزیراعلی بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔بلوچستان اسمبلی کے 14 اراکین کی جانب سے وزیراعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی۔تحریک عدم اعتماد رکن اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور سید آغارضا کی جانب سے جمع کرائی گئی جس پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں۔

عدم اعتماد کی تحریک پر رکن اسمبلی میر قدوس بزنجو، میر کریم نوشیروانی، آغا رضا، میر خالد لانگو، نوابزادہ طارق مگسی، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، محمد اختر مگسی، زمرد خان اچکزئی، حسین بانو، شاہدہ رف، خلیل الرحمان، عبدالمالک کاکٹر اور امان اللہ نوتیزئی شامل ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کا تعلق مسلم لیگ(ن( سے ہے اور ان سے قبل نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے عبدالمالک بلوچ وزیراعلی بلوچستان کے عہدے پر فائز تھے۔