105

2018 عام آدمی کی خوشحالی کا سال ہوگا‘ سپیکر قومی اسمبلی 


اسلا م آباد۔سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ 2018کا سورج پاکستا ن کی تر قی ،عام آدمی کی خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کی نوید لے کر طلوع ہو گا ۔سپیکر نے کہا کہ 2018اس بات کا گواہ ہو گا کہ ہم تاریخ کے ایک صفحے کو پلٹ کو عصرحاضر کے چیلنجوں پر قابو پانے کے نئے عزم کے ساتھ ایک نئے سفر پر گامزن ہو گئے ہیں ۔

سپیکر نے معاشر ے کے پسماندہ طبقات کی تر قی کے لیے موجودہ حکومت کے شر اکتی جمہوریت کے عزم کا اعادہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے دن گنے جا چکے ہیں اور 2018پاکستان کی تر قی و خوشحالی کا سال ثابت ہو گا ۔

انہوں نے ملک کے دفاع ،سا لمیت اور سلامتی کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدما ت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔پاکستان کو درپیش چلینجوں کا حوالہ دیتے ہوئے سر دار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مستقل مزاجی سے پیش قدمی کرتے ہوئے ان چیلنجوں پر قابو پالے گی۔

انہوں نے اپنے ہم وطنوں کو باہمی اختلافات کو بھلا کر بابائے قوم کے ایمان ،اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مساوی تر قی اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور بین الاقعائد مکا لمے کی ضرورت پر زور دیا۔