78

جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں درپیش مسائل فوری حل کرنیکا حکم


پشاور۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہاؤسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تیز رفتاری کے ساتھ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ اُنہوں نے صوبے میں مختلف سکیموں کیلئے متعلقہ سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ تمام معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ کمپنیاں بلا تاخیر منصوبوں پر عمل درآمد شروع کرنے کے قابل ہو سکیں۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن، محکمہ ہاؤسنگ اور صنعت کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو جلوزئی ہاؤسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تعمیراتی کام ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر متعلقہ سہولیات کے حوالے سے بریفینگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے ہاؤسنگ سکیم میں مساجد ، سکول ، ہسپتالوں ، کمیونٹی مراکز ، پلے گراؤنڈز ، کالجز اور نکاسی آب پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

اُنہوں نے سائٹ پر پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سمال ڈیمزتعمیر کرنے کی ہدایت کی ۔پرویز خٹک نے جلوزئی اکنامک زون میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ پیسکو کی طرف سے علیحدہ سے گرڈ سٹیشن کا قیام اکنامک زون میں تعمیراتی سرگرمیوں میں تیز رفتاری کا موجب بنے گا۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بلا تاخیر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گدون انڈسٹریل زون کی بحالی کیلئے بھی ٹھوس اقداما ت کرنے کی ہدایت کی ۔حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ کچھ سرمایہ کاروں نے وہاں اپنے انڈسٹریل یونٹس قائم کرنے کیلئے اُن سے رابطہ کیا ہے ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے قومی تعمیر کے تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ای بڈنگ کا طریقہ کار فوری اپنائیں جس کی بدولت تعمیراتی ٹھیکوں میں ہر قسم کے گھپلوں کا مکمل خاتمہ ہو گا وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ای بڈنگ سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے چند مہینوں میں تمام محکمے ای آکشن اور ای بلنگ کے مراحل میں بھی داخل ہو رہے ہیں جس سے محکموں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اورہر سطح پر کمیشن مافیا کا مکمل سدباب ہو گا انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ محکمہ آبپاشی ،محکمہ کھیل اور پی ڈی اے سمیت چند اداروں کے سوا تقریباً تمام ادارے ای بڈنگ کا جدید نظام اپنا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی یکم جنوری سے ای بڈنگ پر منتقل ہو جائے گا ۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ قانون و خزانہ سے مشاورت کرنے، اس ضمن میں تمام محکموں کے ای بڈنگ نظام پر جائزہ اجلاس بلانے اور نئے نظام کی خامیاں دور کر کے اسے مربوط بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو اس اہم معاملے میں صوبائی اسمبلی کے توسط سے مزید قانون سازی بھی کی جائیگی۔